دیشا ملزمین کا انکاونٹر۔عدالتی کمیٹی حیدرآباد سے دہلی واپس

   

حیدرآباد4 فروری( سیاست نیوز ) تلنگانہ کے سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں وٹرنری ڈاکٹر کی اجتماعی عصمت دری اور اس کو جلادینے کی دل دہلادینے والی واردات جس کو دیشا معاملہ کہا گیا کے ملزمین کی انکاونٹر میں ہلاکت کی جانچ کے لئے سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل دی گئی عدالتی کمیٹی حیدرآباد کے ایک روزہ دورہ کے بعد منگل کو دہلی واپس ہوگئی۔ دیشا معاملہ نے ملک بھر میں سنسنی پھیلا دی تھی۔اس کمیٹی نے انکاونٹر کی تفصیلات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومت کی جانب سے اس معاملہ پر تشکیل دی گئی خصوصی جانچ کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لیا۔علاوہ ازیں کمیٹی نے ملزمین کے انکاونٹر کی رپورٹ کا بھی تجزیہ کیا۔یہ رپورٹ تلنگانہ ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے مہربندلفافے میں کمیٹی کے حوالے کیا۔جلد ہی یہ کمیٹی دوبارہ حیدرآباد کا دورہ کرے گی۔گزشتہ روز تلنگانہ کے دارالحکومت پہنچی اس کمیٹی کے ارکان نے پیر کے دن ملزمین کی لاشوں کے پوسٹ مارٹم،دوبارہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کا جائزہ لیا تھا اور انکاونٹر پر تلنگانہ حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی خصوصی جانچ ٹیم (ایس آئی ٹی)سے بھی تفصیلات حاصل کی گئی۔ دیشا معاملہ کے ملزمین کی انکاونٹرمیں ہلاکت کے واقعہ کے بعد دائر کردہ ایک عرضی پر عدالت عظمی نے یہ کمیٹی قائم کی تھی جس کی قیادت مہاراشٹرکے چندراپور کے جسٹس وکاس سریدھرکررہے ہیں۔