بچوں کی تربیت میں کوتاہی نہ کرنے کی تلقین، سداسیو پیٹ میں جلسہ، مقررین کا خطاب
سداسیوپیٹ ۔ موجودہ زمانے میں نوجوانوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنا ملت کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات سے واقفیت نہ ہونے کی وجہ سے بالخصوص نوجوان طبقہ گمراہیوں کی طرف جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار محمد اظہر الدین ریاستی سیکریٹری جماعت اسلامی ہند نے ایس آئی او کی جانب سے مسجد عمر رحمت نگر میں منعقدہ ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل انٹرنیٹ اور موبائل فون کے بے جا استعمال کی وجہ سے گمراہی کی طرف جارہی ہے۔گھر میں والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی تربیت میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کریں۔حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ بڑھاپے کی عبادت سے افضل جوانی کی عبادت ہے۔ 15 سال کی عمر سے لے کر 35 سال کی عمر کے درمیان کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ زندگی کے اس حصے کو پورا پورا نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کریں۔اور سماج میں اپنے اخلاق کردار اور انسانیت کے ذریعے دین کا پیغام دوسروں تک بھی پہنچائیں۔افسوس ہے کہ آج نوجوان اپنی دنیاوی ضرورتوں کی تکمیل کے لئے اور دنیا کے عیش و عشرت کمانے کے لئے رب کی عبادت و بندگی سے غافل ہوتے جا رہے ہیں۔جس کا یہ نتیجہ نکل رہا ہے کہ زمانے میں ذلت اور در در کی ٹھوکریں ہمارا مقدر بن گئی ہے۔جلسے کا آغاز محمد مظہر کے کلام پاک سے کیا گیا۔اور جلسے میں نظامت کے فرائض سید۔تحمید نے انجام دیئے۔ اس جلسے سے روضان ادیب صدر ضلع یس ای او ، محمد رفیق الرحمٰن مقامی امیر جماعت اسلامی ہند ، محمد اشفاق حسین صدر شعبہ خدمت خلق اور محمد شکیب رکن جماعت نے بھی خطاب کیا۔جلسے کی صدارت مقامی صدر یس ای او محمد طلحہ صوفیان نے کی۔اس موقع پر محمد اختر حسین ، مجاہد پاشا ، سیدیزانی ، عبدالرؤف سیٹھ کے علاوہ کی نوجوان موجود تھے۔
