ممبئی :16 نومبر ( ایجنسیز ) مہاراشٹرا کے جالنہ ضلع میں ایک دردناک واقعہ سامنے آیا ہے ۔ ایک خاتون نے اپنے دیور کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کئے اور اس کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو قتل کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق بادنا پور تعلقہ کے سومتانا گاؤں کے رہنے والوں کے نام پرمیشور رام تھائیڈے اور منیشا تھائیڈے بتائے گئے ہیں ۔ شروع میں ان کے درمیان تعلقات بہتر تھے لیکن بعد ازاں دیور کی بھابھی سے قربت بڑھنے کے بعد پورا منظر بدل گیا ۔ منیشا اپنے دیور گیانیشور پر دل ہار بیٹھی اور اس کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کئے لیکن دونوں کو یہ ڈر تھا کہ یہ بات پرمیشور کو معلوم ہوجائے گی ۔ اس لئے انہوں نے اسے ختم کرنے کا منصوبہ بنایا ۔ دونوں نے مل کر کلہاڑی سے حملہ کر کے پرمیشور کاقتل کردیا ۔ 12نومبر کو پولیس کو نعش دستیاب ہوئی اور اس معاملہ میں کیس درج کر کے پولیس نے تفتیش کا آغاز کیاتو ان دونوں نے تسلیم کیا کہ انہوں نے ہی اسے قتل کیا ہے ۔ اس کے بعد 13 نومبر کو پولیس نے قاتل دیور اور بھابھی کو گرفتار کرلیا ۔