دھرانی پورٹل کے ذریعہ لاکھوں کروڑ کے اراضی اسکام: اتم کمار ریڈی
حیدرآباد۔/21مئی، ( سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ دھرانی پورٹل کے ذریعہ بی آر ایس حکومت میں شامل اہم افراد لاکھوں کروڑ کے اراضی اسکامس میں ملوث ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس قائدین نے کہا کہ دھرانی پورٹل متعارف کرتے ہوئے اراضیات کے معاملہ میں بے قاعدگیاں کی جارہی ہیں۔ قیمتی اراضیات کو دوسرے زمرہ میں شامل کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرانی پورٹل برسراقتدار پارٹی قائدین کو اراضیات ہڑپنے میں معاون ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عادل آباد سے جڑچرلہ تک پدیاتر کے دوران عوام نے دھرانی پورٹل میں بے قاعدگیوں اور انہیں ملکیت کے حق سے محروم کرنے سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ مشن بھگیرتا اور کالیشورم پراجکٹ میں کمیشن کے حصول اور بے قاعدگیوں سے عوام کو واقف کرایا جارہا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ آزادی کے بعد سے تلنگانہ میں اب تک دھرانی پورٹل کی مدد سے اسکام سب سے بڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراضیات اسکام ریاست کیلئے نقصاندہ ہے۔ کانگریس قائدین نے نوجوانوں، کمزور طبقات اور دیگر طبقات کے ساتھ حکومت کی دھوکہ دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی وعدوں سے انحراف کرلیا گیا۔ کرناٹک نتائج کے بعد تلنگانہ میں کئی قائدین مختلف سیاسی پارٹیوں سے کانگریس میں شمولیت کیلئے تیار ہیں۔ر