نئی دہلی : سماجی کارکن اور زیفشکوگروپ کے چیرمین ظفیر خاں نے کہا کہ ’دی پیراڈائز فاؤنڈیشن ‘کا مقصد سماج کے پریشان حال لوگوں کی مدد کے ساتھ صحت اور تعلیم کے میدان میں بھی علاقہ،ذات پات اور مذہب سے اوپر اٹھ کر لوگوں کی مدد اور رہنمائی کرنا ہے ۔ اس امر کا اظہار انہوں نے ’دی پیراڈائز فاؤنڈیشن‘ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک کی صورت حال، سیاسی، سماجی اور معاشی حالات کے پیش نظر لوگ پریشان ہیں، طلبہ تعلیم کے سلسلے میں پریشان ہیں، بیمار علاج کے لئے پریشان ہیں، اپنے علاقے سے روزگار کی تلاش میں ہجرت کرکے آنے والے افراد پریشان ہیں۔ دی پیراڈائز فاؤنڈیشن اس ضمن لوگوں کی حتی المقدور مدد اور رہنمائی کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ بہت سے لوگ قانون کی پیچیدگیوں میں پھنس جاتے ہیں، اگر انہیں غلط طریقے سے پھنسایا گیا ہے تو فاؤنڈیشن اس سلسلے میں ایسے لوگوں کی مدد کرے گا اور قانونی مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس میٹنگ میں ڈاکٹرس، وکیل، افسران، صحافی اور سرکردہ حضرات موجود ہیں جو اس طرح کی پریشانیوں کو حل کرنے میں مدد کریں گے ۔