ناگرجنا ساگر میں انتخابی مہم ، وزیر برقی جگدیش ریڈی کا اعلان
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ ذاتی اراضی رکھنے والے ہر غریب کو حکومت کی جانب سے ڈبل بیڈ روم مکانات منظور کرنے کا اعلان کیا ۔ اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر میں ٹی آر ایس کے امیدوار این بھگت کمار پداپور منڈل کے اُرہائے تانڈہ میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کے لیے چیف منسٹر کے سی آر نے بجٹ میں 11 ہزار کروڑ روپئے مختص کئے ہیں ۔ اس حلقہ کے عوام نے این نرسمہیا کو 5 سال کے لیے منتخب کیا تھا ۔ لیکن ان کے دیہانت کی وجہ سے ضمنی انتخابات منعقد ہورہے ہیں ۔ ان کے ادھورے ترقیاتی و فلاحی کاموں کی انجام دہی کے لیے چیف منسٹر کے سی آر نے آنجہانی قائد کے فرزند تعلیم یافتہ نوجوان این بھگت کمار کو آشیرواد دیتے ہوئے عوام کے سامنے روانہ کیا ہے ۔ اس نوجوان امیدوار کو اب عوام کے آشیرواد کی ضرورت ہے ۔ تبھی اس حلقہ کی ترقی ہوسکتی ہے ۔ کانگریس کے دور حکومت میں تانڈوں کو نظر انداز کردیا گیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے تانڈوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں گرام پنچایتوں میں تبدیل کیا ۔ ترقی کے لیے فنڈز کی اجرائی کا اعزاز چیف منسٹر کے سی آر کو جاتا ہے ۔ ریاست پر 60 سال تک حکمرانی کانگریس نے کی جب کہ جانا ریڈی 35 سال اسمبلی حلقہ ناگر جنا ساگر کی نمائندگی کی ، مسلسل 7 مرتبہ کامیابی حاصل کرنے کے باوجود حلقہ کے مسائل حل نہیں ہوئے اور نہ ہی ہالیہ میں وہ ڈگری کالج قائم کرنے میں ناکام رہے ۔ ایسے قائد پر دوبارہ بھروسہ کرنا ووٹ کو ضائع کرنے کے برابر ہے ۔ وزیر برقی نے بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی کے وزیراعظم بننے کے بعد پکوان گیس ، پٹرول ، ڈیزل ، اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ ٹی آر ایس سے ہی ترقی کو ممکن قرار دیتے ہوئے ٹی آر ایس امیدوار کو کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی ۔۔