ذات پات کی مردم شماری کیلئے حکومت پر دباؤ ڈالیں۔ پارٹی قائدین کو کانگریس کی ہدایت

   

نئی دہلی : کانگریس نے آج اپنے ریاستی صدور، قانون ساز پارٹی رہنماؤں اور ضلع صدور کو سرکلر جاری کرکے کہا کہ وہ ذات پات کی مردم شماری کے معاملے کو آئین بچاؤ ریلیوں کے دوران نمایاں طور پر اٹھائیں تاکہ حکومت پر اس کے نفاذ کیلئے وقت مقرر کرنے دباؤ ڈالا جا سکے ۔ پارٹی جنرل سکریٹری تنظیم کے سی وینوگوپال نے آج تمام ریاستی یونٹس اور ضلعی اکائیوں کو جاری سرکلر میں کہا کہ ذات پات کی مردم شماری کا مسئلہ اہم ہے اور تمام ریاستی اور ضلعی یونٹس کو اس کام کو مقررہ وقت کے اندر نافذ کرنے مہم چلانا ہوگی۔ پارٹی کا ماننا ہے کہ دباؤ سے حکومت نے ذات پات کی مردم شماری کا فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت کو اس بات کو یقینی بنانے مجبور ہونا پڑے گا کہ اس کام کو وقت پر مکمل کیا جائے ۔ تمام ریاستی اور ضلعی یونٹس کو وسیع پیمانے پر مہم چلانی ہوگی۔سرکلر نے ریاستوں اور اضلاع میں مجوزہ آئین بچاؤ ریلیوں میں اس مسئلے کو اٹھانے کی ہدایت دی اور کہا کہ ریلیوں کے دوران دفعہ 15(5) پر خصوصی زور دیا جانا چاہئے تاکہ درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل کے امیدواروں کے داخلے کیلئے ریزرویشن فراہمی کو خانگی تعلیمی اداروں میں لاگو کیا جاسکے ۔مسٹر وینوگوپال نے سرکلر میں کہاکہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اس معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھا تھا جس میں کانگریس کے مطالبے کو دہرایا گیا تھا اور پارٹی لیڈر راہول گاندھی اس پر موثر آواز اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے بارہا کہا ہے کہ سماجی انصاف کیلئے ذات پات کی مردم شماری ضروری ہے ۔ تمام ریاستی کانگریس کمیٹیوں سے گزارش ہے کہ وہ اس معاملے کو مضبوطی سے اٹھائیں اور جلسوں میں آرٹیکل 15(5) کے فوری نفاذ کی اہمیت کواٹھائیں۔ انہوں نے لکھا کہ نگرانی کیلئے ریاستی سطح پر کنٹرول روم بنائے جائیں۔ اس کے ساتھ ضلعی سطح پر نگرانوں کا تقرر کیا جانا چاہیے جو مردم شماری کی تمام سرگرمیوں کو مربوط کریں گے اور اسٹیٹس رپورٹنگ کو یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے اسمبلی سطح پر میڈیا کے ذریعے ان مطالبات کو عوام تک پہنچانے کی ہدایت دی اور کہا کہ ضلعی سطح پر پروگراموں میںضلعی و قومی میڈیا سے ہم آہنگی پیدا کرے تاکہ اس پر سی ڈی سی اور پارٹی قیادت کے خیالات کو عوام تک پہنچایا جا سکے ۔