عہدیداروں کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت، اوٹر رنگ روڈ کے حدود میں ہائیڈرا کی تشکیل جلد مکمل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 12۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اوٹر رنگ روڈ اور اطراف کے علاقوں کی مجموعی ترقی کیلئے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سرگرمیوں کے سلسلہ میں جو ادارہ ہائیڈرا تشکیل دیاجارہا ہے ، اسے مستحکم کیا جائے اور اس کی ذمہ داریوں کو اوٹر رنگ روڈ کے علاوہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں توسیع دی جائے۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری شانتی کماری ، بلدی نظم و نسق، ایچ ایم ڈی اے اور دیگر اداروں کے عہدیداروں کے ساتھ ہائیڈرا کے رہنمایانہ خطوط پر تبادلہ خیال کیا۔ چیف منسٹر نے ادارہ کو مضبوط کرنے کیلئے بعض تجاویز بھی پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اوٹر رنگ روڈ کے 2000 مربع کیلو میٹر علاقہ میں ادارہ کو سرگرم کیا جائے ۔ جی ایچ ایم سی کے دائرہ اختیار کے تحت غیر مجاز ہورڈنگس، فلیکسی اور چالان کی وصولی کی ذمہ داری بھی ہائیڈرا کو منتقل کی جائے۔ انہوں نے زونس کی تقسیم میں پولیس اسٹیشنوں اور اسمبلی حلقہ جات کو مکمل طور پر ایک زون میں شامل کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ نہروں ، تالابوں اور سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضوں کے خلاف سختی سے کارروائی کی جائے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ ذخائر آب اور سرکاری اراضیات کا ہر ممکن تحفظ کیا جائے۔ چیف منسٹر نے ایچ ایم ڈی اے ، واٹر ورکس ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور بلدی نظم و نسق کے درمیان بہتر تال میل کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بنیادی ضرورتوں کی تکمیل کے لئے ہائیڈرا کو مستحکم کیا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر حکومت درکار فنڈس جاری کرے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اسمبلی اجلاس کے اختتام سے قبل ادارہ کی نوعیت اور اس کے حدود و اختیارات کا تعین مکمل کرلیا جائے۔ 1