عہدیداروں سے ویڈیو کانفرنس، ریاست کے 3 پراجکٹس کا آج معائنہ کریں گے
حیدرآباد 19 اگست (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ذخائر آب اور پراجکٹس میں پانی کی سطح پر مسلسل نظر رکھیں۔ تلنگانہ میں جاری بارش کے تسلسل کے سبب ذخائر آب میں پانی کے بہاؤ میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اُنھوں نے سیلاب جیسی صورتحال کو روکنے کے لئے عہدیداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور خریف سیزن کے لئے زرعی شعبہ کو مؤثر سربراہی کو ہدایت دی۔ اتم کمار ریڈی نے محکمہ کے انجینئرس اِن چیف، چیف انجینئرس، سپرنٹنڈنگ انجینئرس اور ایگزیکٹیو انجینئرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے آبپاشی پراجکٹس اور ذخائرآب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کرشنا بیسن کے تحت موجود ذخائر آب میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ جورالا پراجکٹ میں 2.18 لاکھ کیوزک جبکہ ناگرجنا ساگر میں 3.95 لاکھ کیوزک کے بہاؤ کو ریکارڈ کیا گیا۔ سری سیلم پراجکٹ کی گنجائش 2.15.81 ٹی ایم سی ہے جبکہ موجودہ سطح 198.81 ٹی ایم سی درج کی گئی ہے۔ اُنھوں نے ناگر جنا ساگر، سنگور اور سری رام ساگر پراجکٹس کی سطح آب پر نظر رکھنے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ بارش اور سیلاب سے نقصانات کے سلسلہ میں عہدیداروں کو فوری راحت کے کام انجام دینے چاہئیں۔ بارش کے دوران تالابوں اور کنالس کو نقصان کے 177 واقعات پیش آئے۔ عادل آباد، ملگ، محبوب نگر اور سوریہ پیٹ میں بھاری نقصانات ہوئے۔ اُنھوں نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ خریف سیزن کے لئے کسانوں کو سربراہی آب میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔ اتم کمار ریڈی 20 اگست کو پداپلی ضلع کے سری پد ایلم پلی پراجکٹ، نظام آباد میں سری رام ساگر پراجکٹ اور سرسلہ میں مڈمانیر پراجکٹ کا دورہ کریں گے۔ اُنھوں نے عہدیداروں سے کہاکہ بارش کا تسلسل جاری رہنے تک پراجکٹس اور ذخائر آب میں چوکسی کو برقرار رکھا جائے۔1