ذخائر آب حمایت ساگر اور عثمان ساگر میں پانی کی سطح میں ریکارڈ اضافہ

   

رود موسیٰ کے دونوں جانب طاس کے مکینوں اور نشیبی علاقوں کی عوام کو انتباہ
حیدرآباد۔6۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) حمایت ساگر و عثمان ساگر دونوں ذخائر آب کی سطح آب میں ریکارڈ کئے جانے کے اضافہ کے پیش نظر محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں کی جانب سے ان ذخائر آب کے دروازے کھولتے ہوئے پانی کے اخراج کے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ حمایت ساگر و عثمان ساگر کی سطح آب میں مسلسل ہونے والے اضافہ کے سلسلہ میں عہدیداروں نے بتایا کہ گذشتہ دنوں ہونے والی بارشوں کے دوران دونو ذخائر آب میں کافی مقدار میں پانی پہنچ رہا ہے اور سطح آب میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ عہدیداروںنے ان ذخائر آب کی سطح آب میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے رود موسیٰ کے دونوں جانب طاس میں رہنے والے مکینوں کے علاوہ نشیبی علاقوں میں مقیم افراد کے لئے انتباہ جاری کردیاہے اور کہا جا رہاہے کہ ضلع انتظامیہ سے مشاورت کے بعد کسی بھی وقت ان دونوں ذخائر آب سے پانی کے اخراج کا سلسلہ شروع کیاجاسکتا ہے۔ عثمان ساگر کی مکمل سطح آب 1790 فیٹ ہے اور اس میں 3.900 ٹی ایم سی پانی جمع کرنے کی گنجائش موجود ہے ۔ محکمہ آبرسانی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق عثمان ساگر کی سطح آب 6 اگسٹ کو دن میں 8 بجے جو ریکارڈ کی گئی ہے وہ 1782.80 فیٹ ہے اور 2.474 ٹی ایم سی پانی موجود ہے۔عثمان ساگر میں پہنچ رہے پانی کے متعلق عہدیداروں نے بتایا کہ 50 کیوزک پانی پہنچ رہا ہے جبکہ پانی کا اخراج مکمل بند ہے۔اسی طرح حمایت ساگر کی مکمل سطح آب 1763.50 فیٹ ہے اور حمایت ساگر میں 2.970 ٹی ایم سی پانی جمع کرنے کی گنجائش ہے۔ حمایت ساگر میں آج جو سطح آب ریکارڈ کی گئی ہے اس کے مطابق حمایت ساگر میں 1762.35 فیٹ تک پانی پہنچ چکا ہے اور 2.668 ٹی ایم سی پانی جمع ہے ۔حمایت ساگر میں پہنچنے والے پانی کی تفصیلات کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ 1600 کیوزک پانی پہنچ رہا ہے جس کے نتیجہ میں حمایت ساگر کی سطح آب میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے جس کے نتیجہ میں کسی بھی وقت حمایت ساگر سے پانی کے اخراج کے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔3