ذیشان صدیقی کو دھمکی دینے والا گرفتار

   

ممبئی، یکم اگست (یو این آئی)ممبئی کرائم برانچ نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے 35 سالہ محمد دلشاد محمد نوید کو گرفتار کر لیا ہے ، جو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے مرحوم رہنما اور سابق رکن اسمبلی بابا صدیق کے صاحبزادے ذیشان صدیق کو ای میل کے ذریعے جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزام میں مطلوب تھا۔ اپریل میں موصول ہونے والی اس دھمکی آمیز ای میل میں ملزم نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ وہ انڈر ورلڈ سرغنہ داؤد ابراہیم کے گینگ سے منسلک ہے اور ذیشان کو ان کے والد کی طرح قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔ ای میل میں تاوان کی رقم کے طور پر 10 کروڑ روپے کا تقاضا بھی کیا گیا تھا، جس نے سیکورٹی اداروں میں ہلچل مچا دی۔ ذرائع کے مطابق اس خطرناک ملزم کی گرفتاری اس وقت ممکن ہوئی جب کیریبین خطے کے جنوبی ترین جزیرہ ملک ریپبلک آف ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں انٹرپول کی مدد سے اس کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کیا گیا۔ بین الاقوامی سطح پر جاری اس نوٹس کی بنیاد پر مقامی حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے محمد دلشاد کو گرفتار کر لیا۔
جس کے بعد اسے قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد ممبئی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ کرائم برانچ نے اسے حراست میں لے کر مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے ، تاکہ اس کے ممکنہ روابط اور پس پردہ محرکات کا پتہ لگایا جا سکے ۔
یہ معاملہ اس وقت سنگین صورت اختیار کر گیا جب ای میل میں داؤد ابراہیم جیسے بدنام زمانہ مفرور کا نام استعمال کیا گیا اور ایک معروف سیاسی خاندان کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، ملزم کی تحویل سے کئی اہم شواہد حاصل ہونے کی توقع ہے ، جو اس کیس کی گہرائی میں جانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔