رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیلئے فلم اداکاروں کی خدمات

   

جی ایچ ایم سی انتخابات میں ووٹ کی اپیل، اسٹیٹ الیکشن کمیشن
حیدرآباد: بلدی انتخابات میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کرنے کیلئے تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے تلگو فلم اداکاروں اور بااثر شخصیات کی جانب سے ریکارڈ کی گئی ویڈیوز کی تشہیر کی جا رہی ہے ۔ تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے شہر حیدرآباد میں منعقد ہونے والے جی ایچ ایم سی انتخابات میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے تحت ٹالی ووڈ کی معروف اور بااثر شخصیات سے اپیل کروائی جا رہی ہے علاوہ ازیں مختلف غیر سرکاری اور سماجی تنظیموں کی جانب سے شہر میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لئے شعور بیداری مہم چلائی جا رہی ہے۔کمیشن کی جانب سے تمام طبقات اور شعبۂ حیات سے تعلق رکھنے والے بااثر افراد سے خواہش کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقہ اثر میں شہریوں کو یکم ڈسمبر کو ہونے والی رائے دہی میں حصہ لینے کی ترغیب دیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ مختلف تنظیموں اور اداروں کی جانب سے شہریو ںاس بات کی تاکید کی جا رہی ہے کہ وہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے شہر حیدرآباد کی ترقی میں اپنا کردار اداکرنے کے علاوہ جمہوریت پر اعتماد کی برقراری کے لئے اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں۔