رابرٹ واڈرا کے دفتر پہنچی انکم ٹیکس کی ٹیم ، بے نامی املاک کیس میں کررہی ہے پوچھ گچھ

   

بے نامی املاک کے معاملہ میں انکم ٹیکس محکمہ کے افسران نے پیر کو کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے شوہر رابرٹ واڈرا کا بیان درج کیا ۔ جانچ سے وابستہ ایک آئی ٹی محکمہ کے ذرائع نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو اس کی جانکاری دی ۔ ذرائع نے بتایا کہ بے نامی املاک کے معاملہ میں بیان درج کرنے کیلئے آئی ٹی ٹیم سکھدیووہار میں واقع رابرٹ واڈرا کے دفتر پہنچی ہے ۔رابرٹ واڈرا پر لندن کے براینسٹن اسکوائر میں 1.9 ملین پاونڈ کی قیمت کا مکان خریدنے کیلئے منی لانڈرنگ کا الزام ہے ۔ واڈرا فی الحال پیشگی ضمانت پر باہر ہیں ۔ ان کے خلاف آئی ٹی محکمہ کے علاوہ انفورسٹمنٹ ڈائریکٹوریٹ محکمہ بھی منی لانڈرنگ کے تحت جانچ کررہا ہے۔