رات کے کرفیو پر عمل بالکل ندارد

   

بعض پان شاپس ‘ ہوٹل اور دیگر دوکانیں کھلی ہیں‘ پولیس خاموش
حیدرآباد۔ ریاست میں لاک ڈاؤن میں رعایت کے بعد بھی رات کا کرفیو برقرار ہے لیکن اس پر شہر میں کس حد تک عمل آوری کی جا رہی ہے اس کا اندازہ رات دیر گئے تک کھلے پان شاپس ‘ ہوٹلوںکے علاوہ دیگر تجارتی اداروں کو دیکھتے ہوئے لگایا جاسکتا ہے ۔ لاک ڈاؤن کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کے باوجود شہر میں اب بھی کئی تجارتی سرگرمیاں رات کے اوقات میں جاری ہیں جن کی اجازت نہیں دی گئی ہے ۔ دن کے ساتھ رات کے اوقات میں دونوں شہروں کا واضح فرق محسوس کیا جانے لگا ہے اور پرانے شہر میں رات دیر گئے تک کولڈ ڈرنکس ‘ پان ‘ سیگریٹ کی فروخت معمول کے مطابق جاری ہے جبکہ شہر میں کورونا مریضوں کی بڑھتی تعداد کے سبب یہ کہا جا رہا تھا کہ لاک ڈاؤن میں سختی کی جائیگی یا دوبارہ لاک ڈاؤن کیا جائے گا لیکن چند لاپرواہ تاجرین اور دکانداروں کے سبب جو صورتحال پیدا ہورہی ہے وہ شہر میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ کا سبب بن سکتی ہے۔ پرانے شہر کی گنجان آبادیوں میں رات دیر گئے اشیائے خورد و نوش بھی فروخت کئے جا رہے ہیں اور پولیس کو بھی علم ہے کہ کن مقامات پر یہ سرگرمیاں جاری ہیں لیکن پولیس بھی ان کو روکنے کوئی اقدامات نہیں کر رہی ہے بلکہ دریافت کرنے پر کہا جارہاہے کہ ان سرگرمیوں کو روکنے رات دیر گئے تک گشت ضروری ہے اور عملہ کی قلت کے سبب وہ ایسا نہیںکرسکتے ۔ رات دیر گئے پان کے ڈبوں اور دیگر اشیاء کی جن مقامات پر فروخت ہوتی ہے ان مقامات پر ہجوم کورونا کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتے ہیں اسی لئے ان کو روکنے اقدامات ناگزیر ہیں ۔