راجدھانی دہلی کے نائب وزیر اعلٰی منیش سسودیا کو لگا بڑا جھٹکا، عدالت نے 4 مارچ تک سی بی آئی حراست میں بھیجا

,

   

نئی دہلی:شراب گھوٹالہ معاملہ میں دہلی کی ایک عدالت نے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو 5 دنوں کیلئے سی بی آئی کی حراست میں بھیج دیا ہے۔ ایجنسی نے اب ختم کی جاچکی ایکسائز پالیسی 2021-22 کو بنانے اور لاگو کرنے میں مبینہ بدعنوانی کے سلسلے میں سسودیا کو اتوار کو گرفتار کیا تھا۔ سسودیا کو آج راؤز ایونیو کورٹ میں پیش کیا گیا۔ راؤز ایونیو کورٹ کمپلیکس کے اندر اور باہر بھاری تعداد میں سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔سی بی آئی نے عدالت کو بتایا کہ گرفتار کئے گئے دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ ایکسائز پالیسی معاملہ میں ان کا کوئی کردار نہیں ہے، لیکن جانچ سے پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے ذاتی طور پر یہ فیصلہ کیا۔ سی بی آئی نے عدالت سے کہا کہ اس کو پوچھ گچھ کے لئے سسودیا کی حراست کی ضرورت ہے۔