جے پور: راجستھان میں 17اپریل کو راجسمند، بھیلواڑہ ضلع کی سہاڈا اور چورو ضلع میں سجان گڑھ اسمبلی سیٹ پر ضمنی انتخابات کیلئے سرگرمیاں زور پکڑنے لگی ہیں اور تینوں مقامات پر حکمراں کانگریس اور اپوزیشن بی جے پی میں راست مقابلہ کے آثار ہیں۔حالانکہ راشٹریہ لوک تانترک پارٹی بھی یہ تینوں الیکشن لڑرہی ہے اور اس سے دونوں جماعتوں کے امیدوار متاثر ہوسکتے ہیں لیکن اہم مقابلہ کانگریس اور بی جے پی میں ہونے کے آثار ہیں۔ان سیٹوں پر نامزدگی واپسی کے بعد کل ملاکر 27امیدوار الیکشن لڑرہے ہیں۔ ان میں سہاڑا سیٹ بی جے پی کے باغی امیدوار لادو لال پتلیا کے نامزدگی واپس لینے کے بعد اس وقت سب سے زیادہ موضوع بحث بنی ہوئی ہے ۔ سہاڑا ضمنی انتخابات کیلئے آٹھ امیدوار انتخابی میدان میں اپنی انتخابی قسمت آزما رہے ہیں ۔