بھرت پور: راجستھان دھول پور ضلع میں کل رات بس اور ٹیمپو کے تصادم میں آٹھ بچوں اور تین خواتین سمیت 12 افراد ہلاک ہوگئے ۔پولیس کے مطابق باری کے کریم کالونی گمٹ کے عرفان اور اس کے خاندان کے 15 افراد بہن کی شادی میں بارولی گئے تھے ۔ واپس لوٹ رہے تھے کہ رات 11 بجے نیشنل ہائی وے نمبر 11 بی پر سنی پور گاؤں کے نزدیک دھول پور سے جے پور جا رہی بس سے ان کا ٹیمپو ٹکرا گیا۔ پولیس نے سب کو اسپتال پہنچایا۔ پولیس نے بتایا کہ عرفان عرف بنٹی (38)، اس کی بیوی جولی (34)، بیٹی اسماء (14)، بیٹا سلمان (8)، شاکر (6)، اذان (5)، زرینہ (35)، آشیانہ (10)، صوفی (7)، بیٹا سیف (9)، پروین (32) اور اس کا بیٹا دانش (10) ہلاک ہو گئے ۔وزیر اعظم مودی نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ راجستھان دھول پور حادثہ دل کو دہلا دینے والا ہے ۔ معصوم بچوں سمیت اپنی جانیں گنوانے والوں کے سوگوار خاندانوں سے میری تعزیت ہے ۔میں تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں، ریاستی حکومت کی نگرانی میں مقامی انتظامیہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے ۔