راجستھان میں بی جے پی کے جلسہ میں بھیڑ نہ ہونے پر وزیر ناراض

   

چلو بھاگو، یہی ہے میرا بھاشن‘ کیروڑی لال مینا اسٹیچ سے اتر کر چلے گئے
جئے پور :لوک سبھا انتخابات کے دوران انتخابی جلسوں میں لوگوں کی بھیڑ جمع کرنا سیاسی پارٹی کے کارکنان کے لیے ایک بڑا درد سر ہوتا ہے۔ اس کے لیے کرائے تک پر لوگوں کو جمع کیے جانے کی خبریں آتی رہتی ہیں۔ مگر دلچسپ صورت حال تو اس وقت ہو جاتی ہے جب کرائے پر بھی لوگ انتخابی جلسوں میں شریک نہیں ہوتے۔ ایسا ہی ایک واقعہ راجستھان میں سامنے آیا ہے جہاں ایک انتخابی جلسے میں بھیڑ جمع نہیں ہوئی۔ اس سے ناراض ہو کر جلسے سے خطاب کرنے کے لیے تشریف لائے وزیر اسٹیج سے ہی اتر گئے۔میڈیاکے مطابق لوک سبھا انتخابات کی مہم میں مصروف راجستھان حکومت کے کابینی وزیر کیروڑی لال مینا پیر کی شام 5 بجے دوسہ لوک سھا حلقے سے بی جے پی کے امیدوار کنیہا لال مینا کی حمایت میں بِسّی کے کھوری بالا جی مندر کے پاس ایک جلسۂ عام سے خطاب کرنے پہنچے تھے۔ جلسہ گاہ میں پہنچنے پر انہوں نے دیکھا کہ انہیں سننے کے لیے بھیڑ ہی جمع نہیں ہوئی۔ اس سے وہ اس قدر ناراض ہوئے کہ کارکنان پر ہی چیخنے لگے۔راجستھان حکومت کے وزیر کیروڑی لال مینا کی اس ناراضگی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیروڑی لال مینا جلسے میں بھیڑ جمع نہ ہونے سے اس قدر ناراض ہوتے ہیں کہ کارکنان کو ہی برا بھلا کہنا شروع کر دیتے ہیں۔ ویڈیو میں وزیر یہ کہتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ آپ کو شرم آنی چاہیے، ایسی میٹنگ کے لیے۔ اس کے بعد بھی جب بات نہیں بنی تو ناراض ہو کر وہ اسٹیج سے ہی اتر جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ چلو اپنے اپنے گھر، یہی میرا بھاشن ہے، چلو..بھاگو.. ہٹو۔مقامی کارکنان کے مطابق راجستھان حکومت کے کابینی وزیر کیروڑی لال مینا نے کہا کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں ایک ایماندار شخص کو شکست دینے کے بعد اگر آپ نے میری عزت نہیں رکھی تو اب کیا رکھو گے؟ میں وزیر اعظم مودی جی کو فون کر کے بول دیتا ہوں کہ بِسّی کے لوگ تو پاگل ہو گئے ہیں۔ اس کے بعد وزیر کیروڑی لال غصے میں آ گئے اور اسٹیج سے نیچے اتر کر گاڑی میں بیٹھ کر چلے گئے۔