راجستھان کے ایک سڑک حادثے میں تین افراد ہلاک

   

کوٹہ: راجستھان کے ضلع جھالاور میں قومی شاہراہ پر ایک کار اور منی ٹرک کے تصادم کے بعد ایک کنبہ کے تین افراد ہلاک اور دو شدید زخمی ہوگئے ہیں ، پولیس نے بدھ کے روز اس بات کی اطلاع دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ خاندان منگل کی شام اسناور شہر سے شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے جھالاور جارہا تھا کہ یہ حادثہ تلیا کھیدی گاؤں کے قریب پیش آیا۔

جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت محمد ستار عرف گڈو (55) ، قصبہ اسناور کے رہائشی ان کی اہلیہ نوربانو (54) اور بیٹا صابر (32) کے طور پر ہوئی ہے جبکہ اس حادثے میں کنبہ کی دو خواتین شدید زخمی ہوگئی ہیں۔

منی ٹرک ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔ تاہم اس کی گاڑی کو ضبط کرلیا گیا اور ڈرائیور کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت غفلت برتنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بدھ کی صبح پوسٹمارٹم کے بعد نعشیں لواحقین کے حوالے کردی گئی ہیں۔