راجستھان کے سرور ٹاؤن میں 100 افراد کا اجتماع

,

   

ہجوم کو منتشر کرنے پولیس کی جانب سے ہلکی طاقت کا استعمال

جئے پور (راجستھان)۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے اجمیر ضلع کے سرور ٹاؤن کی ایک درگاہ میں مذہبی اجتماع کیلئے تقریباً 100 افراد جمع ہوئے تھے۔ ملک میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث مکمل لاک ڈاؤن کیا گیا ہے اور کسی بھی اجتماع پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ایسے میں بڑی تعداد میں جمع ہونے پر مقامی پولیس نے انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی اور ہلکی طاقت کا بھی استعمال کیا۔ لاک ڈاؤن تحدیدات کی خلاف ورزی پر پولیس نے 6 افراد کو گرفتار بھی کرلیا۔ روایتوں کے مطابق درگاہ اجمیر شریف کے خادمین کی جانب سے ہر سال سرور میں واقع ایک درگاہ میں چادر چڑھائی جاتی ہے۔ یہ اجتماع ایک ایسے وقت ہوا جب کورونا وائرس کی وباء کو روکنے کیلئے پولیس اُن افراد کو تلاش کررہی ہے جو دہلی کے مرکز نظام الدین میں تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شرکت کے بعد اپنے مقامات کو واپس ہوئے ہیں۔ تبلیغی مرکز میں شریک 24 افراد کورونا وائرس ٹسٹ میں مثبت پائے گئے ہیں۔ 1548 افراد کو مرکز سے خالی کروایا گیا ہے جن میں 441 کو کورونا کی علامتیں پائی جانے کے بعد دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے۔ اجمیر کے ایس پی نے بتایا کہ اجمیر پولیس نے 5 افراد کے جمع ہونے کی اجازت دی تھی، لیکن سرور کی درگاہ کے قریب دوسرے کئی افراد جمع ہوگئے تھے۔