راجندرنگرسے مغویہ ڈاکٹر کو 12 گھنٹوں میں چھڑا لیا گیا

,

   

اغواکاروںکی بین ریاستی ٹولی گرفتار، سائبر آباد پولیس کی کارروائی

حیدرآباد : راجندر نگر کے علاقہ قسمت پور ویلیج سے اغواء کے معمہ کو سائبرآباد پولیس نے حل کرتے ہوئے بین ریاستی اغواء کنندوں کی ٹولی کو گرفتار کر لیا۔ مغویہ ڈاکٹر کو اندرون 12 گھنٹے ان کے چنگل سے چھڑالیا گیا ۔ اس سنسنی خیز اغواء میں کوئی اور نہیں بلکہ مغویہ ڈاکٹر کا قریبی سسرالی رشتہ دار اور ایک کرایہ دار ملوث ہیں۔ پولیس کمشنر سائبر آباد وی سی سجنار نے کہا کہ تلنگانہ کے علاوہ مہاراشٹرا ، آندھراپردیش ، کرناٹک پولیس کی مدد سے اغواء کنندوں کا پتہ لگایا اور ڈاکٹر کو محفوظ طریقہ سے بچالیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ 56 سالہ بہجت حسین ڈینٹل ڈاکٹر ہیں اور بنڈلہ گوڑہ میں ان کا کلینک ہے۔ ان کی بلڈنگ میں سسرالی رشتہ دار مصطفیٰ کے ذریعہ مبشر عرف خالد کو پہلی منزل کرایہ پر دی گئی تھی ۔ مصطفیٰ اور خالد دوست ہیں اور آسٹریلیا میں کافی عرصہ گزار کر کاروبار میں نقصان کے بعد شہر منتقل ہوئے ہیں ۔ ڈاکٹر کی مستحکم مالی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دونوں نے ڈاکٹر کا اغواء کرکے کروڑوں روپئے حاصل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ۔ مبشر نے اپنے ایک ملازم محمد رحیم کی مدد سے ڈاکٹر بہجت حسین پر مسلسل نظر ر کھی اور /27 اکٹوبر کو وہ کلینک پہنچتے ہی خالد کے حامیوں سمیت ، اکشئے ، وکی اور سلمان کو بذریعہ فون بتایا اور مذکورہ افراد برقعہ پہن کر کلینک میں داخل ہوئے اور ڈاکٹر کو کھلونے کی بندوق سے دھمکایا اور ان کی ہی کار میں اغواء کرکے کوکٹ پلی کے علاقہ ایلماں بنڈہ منتقل کیا اور وہاں سے مغویہ ڈاکٹر کے ارکان خاندان کو ایک وائس نوٹ بذریعہ واٹس ایپ روانہ کیا جس میں 10 کروڑ تاوان کا مطالبہ کیا گیا اور پولیس کو بتانے پر سنگین نتائج کا انتباہ دیا ۔ پولیس نے اغواء کے معاملہ کو چیالنج کے طور پر قبول کرتے ہوئے پولیس کمشنرکی زیرنگرانی 12 خصوصی ٹیمیں ریاست بھر میں پھیلادی گئیں اور کچھ ہی دیر میں بعض اغواء کنندوں کو شہر کے علاقہ فلک نما ، ریڈہلز ، کوکٹ پلی میں گرفتار کیا گیا جبکہ مغویہ ڈاکٹر کو لیکر بنگلور فرار ہونے کے دوران اننت پور پولیس نے انہیں پکڑلیا اور ڈاکٹر کو بچالیا ۔ پولیس نے اب تک 7 اغواء کنندوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ دیگر کلیدی ملزمین مصطفیٰ ، مبشر احمد عرف خالد ، گنیش اور دیگر مفرور ہیں ۔ اس کارروائی کے دوران پولیس نے اغواء میں استعمال کئے جانے والی کاریں ، ڈاکٹر کو باندھنے کیلئے استعمال کئے گئے ٹیپس ، چاقو اور کھلونے کی بندوق کو ضبط کرلیا۔