نئی دہلی، 6 نومبر (یو این آئی) عام آدمی پارٹی سے راجیہ سبھا کے لیے نو منتخب رکن راجندر گپتا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ستپال شرما نے جمعرات کے روز یہاں اپنے عہدے کا حلف لیا۔ راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے دونوں ارکان کو حلف دلایا۔ راجندر گپتا ایوان بالا میں پنجاب کی نمائندگی کریں گے ، اور ستپال شرما جموں و کشمیر کی نمائندگی کریں گے ۔ راجندر گپتا نے پنجابی زبان میں حلف لیا جبکہ ستپال شرما نے ہندی زبان میں حلف لیا۔ دونوں ارکان گزشتہ ماہ ہونے والے انتخابات میں کامیابی کے بعد ایوان بالا کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔ اس موقع پر مرکزی وزراء جگت پرکاش نڈا، ڈاکٹر جتیندر سنگھ، راجیہ سبھا سکریٹریٹ کے سکریٹری جنرل پی سی مودی اور متعدد سینئر عہدیداران موجود تھے ۔ راجندر گپتا ٹرائیڈنٹ گروپ کے بانی ہیں، جب کہ ستپال شرما اس وقت جموں و کشمیر میں بی جے پی کے صدر ہیں اور ریاستی حکومت میں کابینہ وزیر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔