راجوری میںپاکستانی فوج کی فائرنگ، جنگ بندی کی خلاف ورزی

   

جموں، 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے منجکوٹ سیکٹر میں ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے میں ایک کمسن لڑکی سمیت دو شہری زخمی ہوئے ہیں۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے راجوری کے منجکوٹ سیکٹر میں گولہ باری کی جس کے نتیجے میں ایک کمسن لڑکی سمیت دو شہری زخمی ہوئے ۔انہوں نے زخمیوں کی شناخت محمد رفیق ولد علی حیدر خان اور ثانیہ شبیر دختر محمد شبیر ساکنان کھوری نار راجدھانی کے بطور کی۔دریں اثنا ایک مقامی نیوز ایجنسی نے منجکوٹ کے نائب تحصیلدار آفتاب حیسن شاہ کے حوالے سے کہا کہ گولہ باری کے نتیجے میں تین مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے اور چار بھیڑ بھی زخمی ہوئے ہیں۔