راجوری میں ایل او سی پر ہند۔ پاک افواج کے درمیان شدید فائرنگ، ایک فوجی اہلکار ہلاک

   

جموں22جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول پر پیر کی صبح ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کے تبادلے کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوا۔ذرائع کے مطابق راجوری کے سندر بنی سیکٹر میں لائن آف کنٹرل پر پیر کی صبح پاکستانی فوج نے بلا اشتعال چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کا استعمال کرکے فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوا۔مہلوک فوجی اہلکار جو کیری باتل میں تعینات تھا، کی شناخت ابھی ہونا باقی ہے ۔دریں اثنا وزارت دفاع کے ایک ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند نے میڈیا کو بتایا کہ راجوری کے سندر بنی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر پیر کی صبح پاکستانی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری شروع کی جس کا فوج نے بھر پور جواب دیا۔