راجیو امر جیوتی یاترا کا گاندھی بھون میں استقبال جگاریڈی، ہنمنت راؤ اور انیل یادو کی شرکت

   

حیدرآباد۔/14 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ٹاملناڈو کے سری پرمبدور سے نکالی گئی راجیو گاندھی امر جیوتی یاترا کا گاندھی بھون میں استقبال کیا گیا اور سنگاریڈی روانگی کیلئے مشعل کو سنگاریڈی کے سابق رکن اسمبلی اور پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ جگا ریڈی کے حوالے کیا گیا۔ اس موقع پر سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو اور دیگر قائدین موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ آنجہانی راجیو گاندھی کے کارناموں سے عوام کو واقف کرانے کیلئے امر جیوتی یاترا کا اہتمام کیا گیا ہے۔ یہ یاترا تلنگانہ سے مہاراشٹرا میں داخل ہوگی اور20 اگسٹ کو راجیو گاندھی جینتی کے موقع پر نئی دہلی پہنچے گی۔ جگا ریڈی نے کہا کہ گاندھی خاندان نے ملک کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے ملک پر اپنی جان نچھاور کردی۔ سونیا گاندھی کی قیادت میں راہول گاندھی ملک میں فرقہ پرست طاقتوں سے مقابلہ کررہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ملک میں صرف کانگریس پارٹی ہی عوام کی بھلائی کے اقدامات کرسکتی ہے۔ موجودہ بی جے پی حکومت سماج کو توڑنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 18 سال عمر کے نوجوانوں کو ووٹ کا حق راجیو گاندھی کا کارنامہ ہے۔ انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں ترقی کا آغاز بھی راجیو گاندھی کے دور میں ہوا۔ امر جیوتی یاترا کی آمد کے موقع پر پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔1