راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ پر آر ڈی ایکس حملوں کی فرضی دھمکیاں

   

جمعرات و جمعہ کو مسلسل ای میل موصول ہوئے ۔ سخت چوکسی ۔ مکمل تلاشی کے بعد دھمکیاںغلط ثابت ہوئیں
حیدرآباد 17 فبروری ( سیاست نیوز ) حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ پر سخت چوکسی اختیار کرلی گئی ہے کیونکہ جمعہ کو کچھ لگاتار نامعلوم ای میل موصول ہوئے تھے جن میں ائرپورٹ پر آر ڈی ایکس حملوں کا انتباہ دیا گیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ پہلا انتباہی ای میل جمعرات کی صبح موصول ہوا جس کے فوری بعد سنٹرل انلاسٹریل سکیوریٹی فورس ( سی آئی ایس ایف ) آر جی آئی ائرپورٹ پولیس ‘ تلنگانہ پولیس اور مرکزی تحقیقاتی ایجنسیاں حرکت میں آگئیں۔ تلاشی کے بعد ابتدائی خطرہ فرضی ثابت ہوا ۔ تاہم جمعرات کی شام میںاور پھر جمعہ کو بھی اسی طرح کے انتباہی ای میل موصول ہوئے جس کے بعد کئی بار سکیوریٹی ڈرل ہوئی اور مکمل تلاشیاں لی گئیں۔ تمام تلاشیوں کے بعد یہ دھمکیاں جھوٹی اور فرضی ثابت ہوئیں۔ شمس آباد ڈپٹی کمشنر پولیس کے نارائن ریڈی کی قیادت میں آر جی آئی ائرپورٹ پولیس نے اس معاملے میں تحقیقات کا آعاز کردیا ہے اور فرضی ای میل بھیجنے والوں کی تلاش سرگرمی سے شروع کردی گئی ہے ۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب حیدرآباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کو اس طرح کے فرضی بم حملوں کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ اگسٹ 2023 میں بھی ایک ای میل موصول ہوا تھا جس میں دعوی کیا گیا تھا کہ حیدرآباد ائرپورٹ پر بم رکھا گیا ہے ۔ اس دھمکی پر بھی کچھ وقت کیلئے خوف و ہراس پیدا ہوگیا تھا اور جامع تلاشی کے بعد یہ اطلاع بھی جھوٹی ثابت ہوئی تھی ۔ واضح رہے کہ حیدرآباد ائرپورٹ تلنگانہ میں وہ واحد ائرپورٹ ہے جو ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل دونوں ہی مسافرین کیلئے کام کرتا ہے ۔ یہاں مسافرین کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ مالیاتی سال 2023 – 24 کیلے ابتدائی چھ ماہ میں تقریبا 12 ملین مسافرین نے اس ائرپورٹ سے استفادہ کیا ہے ۔ یہ سال گذشتہ کی بہ نسبت 24 فیصد کا اضافہ ہے ۔ یہ اب تک نصف سال کے مسافرین کی سب سے بھاری تعداد ہے ۔ جولائی تا ستمبر 2023 کے سہ ماہی کے دوران ہی 6 ملین ڈومیسٹک و انٹرنیشنل مسافرین نے حیدرآباد ائرپورٹ سے استفادہ کیا تھا ۔