پنجہ گٹہ اور گاندھی بھون میں تقاریب، ملک کیلئے خدمات کی یاد تازہ
حیدرآباد ۔21۔ مئی(سیاست نیوز) سابق وزیراعظم آنجہانی راجیو گاندھی کی 29 ویں برسی کے موقع پر آج کانگریس پارٹی کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پنجہ گٹہ میں واقع راجیو گاندھی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک کے لئے ان کی نمایاں خدمات کی یاد تازہ کی گئی ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ ، رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی ، خازن پی سی سی نارائن ریڈی ، سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی ، راملو نائک اور دیگر قائدین نے پنجہ گٹہ پہنچ کر راجیو گاندھی کے مجسمہ پر پھول چڑھائے۔ اس موقع پر پولیس نے ابتداء میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی تاہم بعد میں قائدین کو اجازت دے دی گئی۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ آنجہانی راجیو گاندھی نے ملک کو انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں نمایاں ترقی دی ہے ۔ عالمی امن کے لئے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 21 مئی کو ہر سال مخالف دہشت گردی یوم کے طور پر منایا جانا چاہئے ۔ دیہی علاقوں کی ترقی میں راجیو گاندھی کا اہم رول رہا ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ نوجوانوں کو ووٹ کا حق فراہم کرنا راجیو گاندھی کا کارنامہ تھا۔ ریونت ریڈی نے ملک کیلئے راجیو گاندھی کی خدمات کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کے ساتھ ساتھ ملک کے اتحاد و یکجہتی کے لئے اپنی جان کی قربانی دے دی ۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ گاندھی بھون میں منعقدہ علحدہ تقریب میں راجیو گاندھی کے مجسمہ پر پھول چڑھائے گئے۔ اتم کمار ریڈی کے علاوہ دامودر راج نرسمہا ، کسم کمار ، چنا ریڈی ، سمپت کمار ، انجن کمار یادو ، جی نرنجن اور دیگر قائدین نے پروگرام میں حصہ لیا۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو حلف دلایا ۔ راجیو گاندھی سدبھاؤنا یاترا یادگاری کمیٹی کی جانب سے راجیو گاندھی کو خراج پیش کیا گیا۔