راجیہ سبھا میں وزراء کی تنخواہ اور بھتے میں تخفیف کا ترمیمی بل منظور

   

نئی دہلی: راجیہ سبھا میں جمعہ کے روز وزراء کی تنخواہوں اور بھتے میں تخفیف سے متعلق ترمیمی بل 2020 کو صوتی ووٹ کے ذریعے منظور کیا گیا۔وزیر مملکت برائے امور داخلہ جی کشن ریڈی نے ایوان میں بل پیش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے میں حکومت وسائل حاصل کررہی ہے اور اپنے اخراجات میں کمی کر رہی ہے ۔ اس سلسلے میں، وزراء کی تنخواہوں اور بھتے میں تخفیف کی جارہی ہے ۔جی کشن ریڈی نے کہا کہ یہ بل آرڈیننس کی جگہ لایا گیا ہے ۔جس کے تحت ایک سال کے لئے وزراء کی تنخواہوں اور بھتے میں 30 فیصد کمی کی جائے گی۔اس سے قبل اس بل پر ایوان میں مختصر بحث ہوئی اور تمام اراکین نے متفقہ طور پر اس کی حمایت کی۔