راجیہ سبھا کیلئے کانگریس کے 7 امیدوار، کرناٹک سے منصور علی خاں شامل

   

میناکشی نٹراجن کی مدھیہ پردیش سے نامزدگی، ملکارجن کھرگے اور پون کھیرا کی امیدواری کا اعلان
حیدرآباد ۔5 ۔ جون (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے 5 ریاستوں میں راجیہ سبھا کی 7 نشستوں کیلئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی ہے ۔ پارٹی نے کرناٹک کی تین نشستوں میں ایک نشست مسلم قائد منصور علی خاں کو الاٹ کیا ہے جبکہ باقی دو نشستوں کیلئے صدر ملکارجن کھرگے اور اے آئی سی سی ترجمان پون کھیرا کے ناموں کو قطعیت دی گئی۔ منصور علی خاں کرناٹک میں ماہر تعلیم کے طورپر اپنی شناخت رکھتے ہیں اور وہ سینئر قائد رحمان خاں کے فرزند ہیں۔ وہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرچکے ہیں۔ منصور علی خاں کی راجیہ سبھا کیلئے نامزدگی کے بعد کرناٹک سے دو مسلمان راجیہ سبھا کے رکن ہوں گے۔ پارٹی نے ناصر حسین کو راجیہ سبھا کیلئے نامزد کیا ہے اور منصور علی خاں کرناٹک سے دوسرے مسلمان ہیں جنہیں راجیہ سبھا کی نشست الاٹ کی گئی۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن کو مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا کا امیدوار بنایا گیا ہے ۔ مدھیہ پردیش میں کانگریس پارٹی عددی طاقت کے اعتبار سے ایک نشست پر کامیابی حاصل کرسکتی ہے اور ہائی کمان نے اس نشست کیلئے میناکشی نٹراجن کے نام کو منظوری دی ہے ۔ میناکشی نٹراجن مدھیہ پردیش میں لوک سبھا کیلئے ایک مرتبہ منتخب ہوچکی ہیں۔ میناکشی نٹراجن کے نام کا سابق چیف منسٹر ڈگ وجئے سنگھ و دیگر قائدین نے خیرمقدم کیا ہے ۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے بھی میناکشی نٹراجن کو مبارکباد پیش کی۔ تلنگانہ میں پارٹی کے تنظیمی استحکام میں میناکشی نٹراجن کا اہم رول رہا ہے۔ اسی دوران نائب صدر نشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے مدھیہ پردیش سے میناکشی نٹراجن کو راجیہ سبھا کا امیدوار بنانے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ میناکشی نٹراجن انتہائی دیانتدار اور اصول پسند قائد ہیں جو مہاتما گاندھی اور آچاریہ وینوبا بھاوے کے اصولوں پر کاربند ہیں۔ پارٹی کیلئے ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر راجیہ سبھا کا امیدوار بنایا گیا ۔ پارٹی نے راجستھان ، ٹاملناڈو اور جھارکھنڈ کیلئے بھی ایک ایک امیدوار کے نام کو قطعیت دی ہے ۔1/k