گارڈ آف آرنر کی سلامی، سکریٹریٹ میں سومیش کمار نے ترنگا لہرایا
حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے ملک کی 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر راج بھون کے تاریخی دربار ہال کے روبرو قومی پرچم لہرایا اور گارڈ آف آرنر کی سلامی لی۔ گورنر نے راج بھون کے عہدیداروں، اسٹاف، پولیس اور سیکورٹی عملہ کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ گورنر نے اسٹاف ممبرس اور ان کے بچوں میں شخصی طور پر مٹھائی تقسیم کی۔ گورنر نے پوڈوچیری روانگی سے قبل راج بھون کے مندر میں خصوصی پوجا کی۔ ڈاکٹر سوندرا راجن جو پوڈوچیری کی انچارج لیفٹننٹ گورنر ہیں وہاں بھی یوم آزادی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر کے مشیران اے پی وی این شرما اور اے کے موہنتی کے علاوہ گورنر کے سکریٹری سریندر موہن اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اسی دوران چیف سکریٹری سومیش کمار نے بی آر کے بھون سکریٹریٹ پر قومی پرچم لہرایا۔ انہوں نے عہدیداروں اور ملازمین کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ پرنسپل سکریٹری جی اے ڈی وکاس راج، راہول بوجا ( آئی اے ایس ) شیشادری کمشنر اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن کے علاوہ سکریٹریٹ کے مختلف شعبہ جات کے عہدیدار، ملازمین اور پولیس عہدیداروں نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر چیف سکریٹری نے گارڈ آف آرنر کا معائنہ کیا۔