راج ٹھاکرے نے ایودھیا کا دورہ کیا ملتوی، بی جے پی رکن پارلیمان سمیت اترپردیش کے کئی رہنما احتجاج کر رہے تھے

   

ممبئی: تنازعات کے چلتے مہاراشٹر نونرمان سینا کے قومی صدر راج ٹھاکرے نے اپنا ایودھیا دورہ ملتوی کر دیا ہے۔ ایم این ایس سربراہ نے 5 جون کو ہونے والے ایودھیا دورے کو ملتوی کرنے کی اطلاع سوشل میڈیا کے ذریعے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مہاراشٹر سینیکوں سے کہا ہے کہ وہ 22 مئی بروز اتوار صبح 10 بجے پونے کے گنیش کریڈا کلا کیندر میں جمع ہوں اور اس معاملے پر تفصیل سے بات کریں۔ بتا دیں کہ راج بھی گزشتہ دنوں اپنی طبیعت خراب ہونے کے بعد پونے کے دورے سے واپس آئے تھے۔بتا دیں کی ایم این ایس صدر کے دورہ کو لے کر اترپردیش میں سیاست شروع ہو گئی تھی۔ بی جے پی رکن پارلیمان برج بھوشن سنگھ سمیت اترپردیش کے کئی رہنما ان کے دورے کی مخالفت کر رہے تھے۔ اس کے بعد بھی راج ٹور پر جانے پر بضد تھے۔ قابل ذکر ہے کہ راج نے 17 اپریل کو اعلان کیا تھا کہ وہ بھگوان رام کا آشیرواد لینے 5 جون کو رام جنم بھومی ایودھیا جائیں گے۔