راج گوپال ریڈی نے بی جے پی میں شمولیت کے امکانات مسترد کردیئے

   

حیدرآباد۔18 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے بی جے پی میں اپنی شمولیت کے بارے میں پھر یوٹرن لے لیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ بی جے پی میں ہرگز شامل نہیں ہوں گے۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصہ میں راج گوپال ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت کی اطلاعات کافی سرگرمی سے میڈیا میں پھیلائی جارہی تھیں۔ اتنا ہی نہیں راج گوپال ریڈی نے نئی دہلی میں بی جے پی کے بعض اہم قائدین سے ملاقات بھی کی۔ ایک موقع پر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی دونوں کی بی جے پی میں شمولیت کی قیاس آرائیاں کی جانے لگیں۔ تاہم دونوں بھائیوں نے آخرکار تردید کردی ہے۔ کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں قیادت کے فقدان کے نتیجہ میں ارکان اسمبلی نے ٹی آر ایس میں انحراف کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قیادت کے استحکام اور پارٹی کیڈر کے حوصلے بلند کرنے کے لیے وہ کئی مرتبہ پارٹی فورم میں آواز اٹھاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد اگر اتم کمار ریڈی پردیش کانگریس کی صدارت سے مستعفی ہوجاتے تو بہتر ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا متبادل بی جے پی ہوگی اور وہ اپنے اس بیان پر قائم ہیں کیوں کہ کانگریس پارٹی کا موقف کافی کمزور ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیادت کی کمزوری کے نتیجہ میں پارٹی کیڈر سڑک پر آچکا ہے۔ میرے بیان پر وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی جس کا میں جواب دے چکا ہوں اور میں اپنے بیان پر قائم ہوں۔ فی الوقت میں کانگریس کا رکن ہوں۔ اسی دوران راج گوپال ریڈی کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ کومٹ ریڈی برادرس کو بی جے پی میں شمولیت کے لیے مناسب موقع کا انتظار ہے۔