نئی دہلی۔ 18 اپریل (یو این آئی) نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن اتوار سے سری لنکا کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہوں گے ۔نائب صدر کے سکریٹریٹ کی جانب سے ہفتہ کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، ہندوستان کے کسی بھی نائب صدر کا سری لنکا کا یہ پہلا دو طرفہ دورہ ہوگا۔ اس دورے کے دوران نائب صدر سری لنکا کے صدر انورا کمارا دیسانائیکے سے ملاقات کریں گے ۔ وہ اتوار کو سری لنکا کی وزیر اعظم ڈاکٹر ہرینی امرسوریہ اور دیگر معزز شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے ۔ وہ ہندوستانی نژاد تمل برادری کے رہنماؤں اور سری لنکا کے شمالی اور مشرقی علاقوں کے تمل رہنماؤں سے بھی بات چیت کریں گے ۔ نائب صدرجمہوریہ کولمبو میں ایک کمیونٹی پروگرام میں ہندوستانی تارکین وطن سے خطاب کریں گے ، جہاں وہ ہندوستانی ہاؤسنگ پروجیکٹ کے تیسرے مرحلے کے تحت حکومتِ ہند کے تعاون سے تعمیر کیے گئے مکانات تمل برادریوں کے مستفیدین کو ورچوئل طریقے سے سونپیں گے ۔ اس کے ساتھ ہی تمل برادریوں کے لیے کل مکانات کی تعداد 50,000 ہو جائے گی، جبکہ پروجیکٹ کے چوتھے مرحلے میں مزید 10,000 مکانات تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ وہ 20 اپریل کو نووارا ایلیا کا دورہ کریں گے ، جہاں وہ ہندوستانی ہاؤسنگ پروجیکٹس کا معائنہ کریں گے اور مقامی تمل برادری کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے ۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں منعقدہ اعلیٰ سطحی کانفرنسوں کے بعد ہو رہا ہے اور امید ہے کہ اس سے ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان ہزاروں سال پرانے تہذیبی اور عوامی تعلقات کو مزید استحکام ملے گا۔