راشن شاپس سے عوام کو معیاری چاول کی سربراہی کا مطالبہ

   

اتم کمار ریڈی کی پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں شرکت، ہینڈلوم پر جی ایس ٹی ختم کرنے کی تجویز
حیدرآباد۔/9اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے نئی دہلی میں نیشنل ہینڈلوم ڈے کے تحت راونڈ ٹیبل کانفرنس میں شرکت کی۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے بافندوں کو یقین دلایا کہ وہ پارلیمنٹ میں ان کے مطالبات پیش کریں گے۔ ہینڈلوم کی اشیاء پر 10 فیصد جی ایس ٹی کی فی الفور برخواستگی کا مطالبہ کیا جائے گا۔ ہینڈلوم ویورس اور ان کی سوسائٹی کے قرضہ جات معاف کرنے کیلئے مرکز سے نمائندگی کی جائے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ملک میں ہینڈلوم صنعت اور بافندوں کی ترقی اور بھلائی کیلئے مناسب بجٹ مختص کیا جانا چاہیئے۔ اتم کمار ریڈی نے عوامی نظام تقسیم سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے عوام کو سربراہ کئے جانے والے چاول کے معیار میں اضافہ کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نظام تقسیم کے تحت جو چاول سربراہ کیا جارہا ہے وہ کھانے کے لائق نہیں ہے۔ راشن ڈیلرس کو ماہانہ 20 ہزار روپئے اعزازیہ اور کارپوریٹ ہاسپٹلس میں مفت علاج کیلئے ہیلت کارڈ جاری کرنے کی تجویز پیش کی۔ اتم کمار ریڈی نے حضورنگر اور کوداڑ میں فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کے گوداموں کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔