راشٹرپتی بھون کے خوبصورت مغل گارڈن کا نام تبدیل کرکے نیا نام امرت ادیان رکھا گیا

   

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے راشٹرپتی بھون میں واقع مغل گارڈن کا نام تبدیل کر دیا ہے۔ آزادی کے امرت مہوتسو کے پیش نظر حکومت نے مغل گارڈن کا نام بدل کر امرت ادیان کر دیا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ اس سے پہلے دہلی میں کئی مغل حکمرانوں کے نام پر بنی سڑکوں کے نام بھی بدلے گئے تھے۔ اورنگزیب روڈ کا نام بدل کر اے پی جے عبدالکلام روڈ رکھ دیا گیا۔راشٹرپتی بھون کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ امرت ادیان (مغل باغ) اس سال 31 جنوری سے 26 مارچ تک عوام کے لیے کھلا رہے گا۔ اس کے بعد اسے 28 مارچ کو صرف کسانوں کے لیے اور 29 مارچ کو معذور افراد کے لیے کھولا جائے گا۔ اس کے بعد 30 مارچ کو باغ پولیس، سکیورٹی فورسز اور فوج کے اہل خانہ کے لیے کھلا رہے گا۔ اس دوران سیاح یہاں موجود خوبصورت پھولوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔