حیدرآباد۔ 21 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آج راشٹرپتی نیلایم میں ایٹ ہوم کا اہتمام کیا جس میں مختلف طبقات اور شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتوں نے شرکت کی۔ گورنر جشنودیو ورما، سابق گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ، چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، صدر نشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی، اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار، تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ، ریاستی وزراء کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، پونم پربھاکر، ڈی انوسویا سیتکا، پی سرینواس ریڈی، چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ، اعلیٰ عہدیداروں، سیاسی قائدین اور مختلف سفارتی عہدیداروں نے شرکت کی۔ صدر جمہوریہ ان دنوں تلنگانہ میں سرمائی قیام کے تحت مقیم ہیں۔ دروپدی مرمو نے تمام شرکاء سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کے استقبال کو قبول کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے صدر جمہوریہ کی مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔ صدر نشین تلنگانہ بی سی کمیشن جی نرنجن نے صدر جمہوریہ سے خواہش کی کہ پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات سے متعلق بل کو منظوری دیں تاکہ تلنگانہ میں سماجی انصاف کے تحت پسماندہ طبقات کو ان کا حق دیا جاسکے۔ صدر جمہوریہ نے زیر التواء بل کے بارے میں استفسار کیا۔ میئر حیدرآباد جی وجیا لکشمی نے صدر جمہوریہ کو تہنیت پیش کی۔ تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ عہدیدار ایٹ ہوم میں شریک تھے۔ صدر جمہوریہ کے افراد خاندان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 1
