حیدرآباد 10 نومبر(یواین آئی) تلنگانہ راما گنڈم فرٹیلائزر پلانٹ میں کھاد کی پیداوار ایک بار پھر رک گئی ہے ۔ پائپ لائن سے امونیا گیس کے اخراج کے باعث حکام نے یوریا کی پیداوار روک دی ۔ حکام نے اس پر تشویش کا اظہار کیا کیونکہ وزیر اعظم کے دورہ سے دو دن قبل یہ واقعہ پیش آیا۔ وزیر اعظم مودی 12 نومبر کو راما گنڈم فرٹیلائزر فیکٹری کو قوم کے نام وقف کرینگے ۔ حکام نے بحالی کے کام شروع کردیئے ہیں۔سالانہ مرمت کے کاموں کی تکمیل کے بعد اگرچہ کہ اس فیکٹری میں پیداوار کے کام شروع کئے گئے تھے تاہم مختصر وقت میں ہی یہ واقعہ پیش آیا ۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مودی کے دورہ کیلئے دیکھ بھال کے کاموں کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔