رامنتا پور حادثہ مہلوکین کے پسماندگان کو فی کس 5 لاکھ ایکس گریشیا

   

سریدھر بابوکا دورہ گاندھی ہاسپٹل، کلکٹر کی نگرانی میں تحقیقات کی ہدایت، متاثرین سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے رامنتا پور کے گوکل نگر میں پیش آئے حادثہ کے مہلوکین کے لئے فی کس 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ سریدھر بابو جو متحدہ ورنگل ضلع کے انچارج وزیر ہیں، گاندھی ہاسپٹل پہنچ کر مہلوکین کے پسماندگان اور زخمیوں کے رشتہ داروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور زخمیوں کے بہتر علاج کا تیقن دیا۔ شاک لگنے کے واقعہ میں 6 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔ سریدھر بابو نے مہلوکین کے پسماندگان کو پرسہ دیا اور کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سریدھر بابو نے مہلوکین کیلئے فی کس پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا کے علاوہ سرکاری سطح پر زخمیوں کے مکمل علاج کا اعلان کیا ۔ انہوں نے زخمیوں کے علاج کے مکمل اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ سریدھر بابو نے واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ محکمہ برقی کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ تہواروں کے موقع پر برقی شاک سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر ا ختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شوبھا یاترا کے اختتام کیلئے محض 100 میٹر کا فاصلہ باقی تھا ۔ ابتدائی جانچ کے مطابق کیبل وائر میں برقی رو کا گزرنا ہے۔ ضلع کلکٹر کی نگرانی میں مکمل جانچ کی ہدایت دی گئی ہے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ تحقیقات میں جو بھی قصور پائے جائیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں برقی تاروں اور سڑک پر موجود کیبل وائرس کا جائزہ لینے خصوصی مہم کی ہدایت دی گئی ۔1