رامچندر گوہا ، اپرناسین اور منی رتنم کیخلاف غداری کا مقدمہ

,

   

غداری کا الزام ہراسانی کے سواء کچھ نہیں : بنگالی اداکارہ اپرنا سین

٭ بہار کے مظفرپور میں 50 اہم شخصیتوں کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کروایا گیا ہے جن میں رامچندر گوہا، منی رتنم اور اپرناسین بھی شامل ہیں۔ رامچندر گوہا، منی رتنم، اپرناسین اور دیگر نے جولائی میں وزیراعظم مودی کو ایک کھلا مکتوب تحریر کیا تھا اور بڑھتے ہوئے ہجومی تشدد کے خلاف اندیشے ظاہر کئے تھے۔ پولیس کے بموجب مقدمہ چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ سوریہ کانت تیواری کے اجلاس پر دو ماہ قبل مقامی ایڈوکیٹ سدھیر کمار اوجھا نے درخواست پیش کرتے ہوئے دیا تھا۔ مجسٹریٹ نے 20 اگست کو پیشی کی تاریخ مقرر کی تھی اور درخواست کو قبول کرلیا تھا۔ صدر پولیس اسٹیشن پر کہا گیا کہ مکتوب پر 49
نامور شخصیات کے دستخط ہیں جن میں فلمساز منی رتنم بھی شامل ہے۔ فلمسازوں اپرنا سین اور شیام بینیگل نے اظہارمایوسی کیا ہے کیونکہ مظفرپور عدالت نے غداری کے الزام میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ ان تمام افراد کے خلاف غداری کے الزام میں مقدمہ دائرکیا گیا ہے جنہوں نے وزیراعظم مودی کو بڑھتے ہوئے ہجومی تشدد کے خلاف اپنی تشویش ظاہر کی تھی۔ اپرنا سین نے کہا کہ یہ خالص ہراسانی ہے۔ ہراسانی کے سوائے اور کچھ نہیں ہے۔ بنگالی اداکارہ نے کہا کہ یہ مقدمہ چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ سوریہ کانت تیواری کے فیصلہ کے بعد منظرعام پر آیا ہے۔ چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ نے یہ حکم نام 20 اگست کو جاری کیا تھا۔