رام لیلا میدان ریلی سے قبل پارٹی کارکنو ں کو حراست میں لینے کانگریس کا الزام

   

بی جے پی کے’ چار انجن‘ مشترکہ طور پر کارکنوں کو ریالی کے مقام تک نہیں پہنچنے دے رہے : بھوانی پٹھانیا

دہلی/شملہ، 14 دسمبر (یو این آئی) ہماچل پردیش کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی مرکزی حکومت ”ووٹ چور، گدی چور” مہم کے تحت ان کے پارٹی کارکنوں کو دہلی کے رام لیلا میدان میں ہورہی ریلی تک پہنچنے سے روکنے کی کوشش کر رہی ہے ۔فتح پور کے رکنِ اسمبلی بھوانی پٹھانیا نے منڈی ہاؤس میٹرو اسٹیشن کے قریب واقع ہماچل بھون کے پاس سے سوشل میڈیا پر لائیو ہوکر دعویٰ کیا کہ دہلی انتظامیہ نے علاقے میں دفعہ 144 کے تحت پابندیاں نافذ کر دی ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان پابندیوں کا استعمال ریلی میں شرکت کے لیے ہماچل پردیش سے آنے والے کانگریس رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لینے یا انہیں تاخیر کا شکار کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی حکومت کے چاروں انجن-مرکزی حکومت، لیفٹیننٹ گورنر، دہلی حکومت اور دہلی میونسپل کارپوریشن-مل کر کانگریس کارکنوں کو ریلی کے مقام تک پہنچنے سے روکنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ پٹھانیا نے لائیو نشریات کے دوران علاقے میں پولیس ڈیوٹی کے لیے کھڑی کئی بسیں بھی دکھائیں اور دعویٰ کیا کہ انہیں ہماچل کانگریس کے قافلے کو حراست میں لینے کے لیے بلایا گیا ہے ۔ کانگریس رہنما نے کہا کہ یہ پابندیاں سیاسی محرکات پر مبنی ہیں اور ان کا مقصد جمہوری احتجاج کو دبانا ہے ۔کانگریس پارٹی نے ایک بار پھر واضح کیا کہ رام لیلا میدان کی یہ ریلی بی جے پی پر انتخابی شفافیت کو کمزور کرنے کے الزامات سے متعلق اس کی ملک گیر مہم کا حصہ ہے ۔ پارٹی نے زور دیا کہ آئینی طور پر ضمانت یافتہ سیاسی پروگرام میں پارٹی کارکنوں کی پُرامن شرکت کو روکنے کے لیے کسی بھی قسم کے انتظامی اقدامات استعمال نہیں کیے جانے چاہئیں۔پارٹی کے ریاستی سکریٹری نے بتایا کہ تقریباً آٹھ بسیں دہلی روانہ ہو رہی ہیں۔ اس وفد میں پارٹی کے سابق صدر، سابق عہدیداران، ارکانِ اسمبلی، صدور و نائب صدور، وزرا اور سابق وزرا، نیز سابق ارکانِ پارلیمنٹ اور ارکانِ اسمبلی شامل ہیں۔ ریاست سے تقریباً 2200 پارٹی کارکن اس احتجاجی ریلی میں حصہ لے رہے ہیں۔