رام مندر پر آرڈیننس کی مخالفت ، سپریم کورٹ کے فیصلہ

   

کو قطعی حیثیت حاصل ہونی چاہیئے :رام ولاس پاسوان
نئی دہلی ۔ 3جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے حلیف مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے آج رام مندر مسئلہ پر آرڈیننس کے اجراء کی سختی سے مخالفت کی اور کہا کہ اس معاملہ میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کو قطعی سمجھا جاناچاہیئے ۔ چاہے سپریم کورٹ کا فیصلہ کچھ بھی ہو اسے ہر ایک کو تسلیم کرنا چاہیئے چاہے وہ ہندو ہو ،مسلم ہو یا کسی اور برادری کا ، ہمارا موقف مستقل ہے ۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کا انتظار کریں گے ۔ اس لئے اب اگر اور مگر کا سلسلہ بند ہوجانا چاہیئے ۔ لوک جن شکتی پارٹی کے صدر رام ولاس پاسوان نے اس سوال پر کہ کیا وہ اس معاملہ میں آرڈیننس جاری کرنے کی تائید میں ہیں ، انہوں نے کہا کہ ان کا موقف اٹل ہے اور وہ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ قطعی ہوگا ۔ چاہے وہ کسی کی بھی تائید یا مخالفت میں ہو ۔