رام مندر چندہ نہ دینے پر سابق چیف منسٹر کرناٹک کو دھمکیاں

,

   

چندہ وصولی میں کوئی شفافیت نہیں ، جوابدہی بھی نہیں ، جنتادل ایس لیڈر کمارا سوامی کا الزام

بنگلور : راشٹرا سیوم سیوک سنگھ ( آر ایس ایس ) کا نازیوں سے تقابل کرنے کا سنسنی خیز بیان دینے کے بعد سابق چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی نے آج ایک اور بیان دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ رام مندر کی تعمیر کیلئے چندہ وصول کرنے کیلئے آنے والوں نے دھمکیاں دی ہیں ۔ چندہ نہ دینے پر دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔ اس چندہ وصولی میں کوئی شفافیت نہیں ہے اور نہ ہی اس کیلئے کوئی جوابدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مندر کی تعمیر کیلئے چندہ وصولی کا میں بھی شکار ہوا ہوں ۔ ان کا کہنا ہے کہ 15 دن قبل ایک گروپ اس کے گھر پہنچا اور رام مندر کی تعمیر کیلئے چندہ دینے کیلئے زور دیا ۔ تین افراد میرے گھر آئے اور دھمکی دینے لگے کہ اگر چندہ نہیں دیا تو ٹھیک نہیں ہوگا ۔ ان لوگوں نے یہ بھی سوال کیا کہ آخر تم چندہ کیوں نہیں دے رہے ہو ؟ آخر وہ کون ہے جس کو وہ چندہ دیں گے ۔ جنتادل سیکولر (ایس ڈی ) لیڈر نے اس گروپ سے پوچھا کہ آپ لوگ کس کی ایما پر چندہ وصول کررہے ہیں تو ان لوگو ں نے دھمکیاں دینی شروع کی ۔ کمارا سوامی سے یہ پوچھا گیا کہ آپ اس بات کی وضاحت کیجئے کہ مکانات پر نشان لگانے اور اسٹیکر چسپاں کرنے کے بارے میں آپ ٖ نے جو تبصرہ کیا ہے وہ کیا ہے ، جو لوگ رام مندر کیلئے چندہ دے رہے ہیں ان کے گھروں پر اسٹیکرس لگایا جارہا ہے اور جو لوگ نہیں دے رہے ہیں وہاں اسٹیکر لگا ہوا نہیں ہے ۔ اپنی سلسلہ وار ٹوئیٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ چندہ وصول کرنے والے ایسے ہی ہیں جیسے نازی ہوا کرتے تھے ۔ نازیوں نے جو کیا تھا اب یہ کام آر ایس ایس والے کررہے ہیں ۔ آر ایس ایس نے ہندوستان میں اس وقت جنم لیا جب جرمنی میں نازی پارٹی قائم ہوئی تھی ۔ رام کے نام پر غیر مجاز لوگ رقم وصول کررہے ہیں ان لوگو ں کو کس نے ذمہ داری دی ہے ؟ یہ چندہ کی رقم وصول کررہے ہیں ان لوگو ں کو کس نے ذمہ داری دی ہے ؟ یہ چندہ کی رقم کس کے اکاؤنٹ میں جائے گی ؟ چندہ کون دے رہا ہے اور کون نہیں دے رہا ہے اس تعلق سے گھروں پر نشان لگائے جارہے ہیں ۔ یہ ایسا کیوں کیا جارہا ہے ؟ اور اس کا مقصد کیا ہے ۔ گھروں پر نشان لگائے جانے کے مسئلہ پر ان سے وضاحت چاہی گئی تو انہوں نے کل ٹوئیٹ کیا تھا کہ رام مندر کی تعمیر کیلئے چندہ وصول کرنے والوں نے ان کے مکانات کو نشان لگایا ہے جن کے پاس سے چندہ وصول ہوا اور جن لوگو ں نے چندہ نہیں دیا ، ان کے گھر چھوڑ دیئے گئے ۔ کمارا سوامی نے الزام عائد کیا کہ یہ چندہ وصولی کے لوگ گھرو ں کو نشان لگاکر ان کی الگ شناخت بنارہے ہیں ۔ ان لوگو ں کے ہاتھو ں میں اسٹیکرس ہیں ، یہ لوگ اسٹیکرس دکھا کر مکینوں کو دھمکا رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ تاریخ دانوں نے آر ایس ایس اور نازیوں کی سرگرمیوں میں یکسانیت بتائی ہے ، میں اُس وقت پیدا نہیں ہوا تھا اس تعلق سے کچھ نہیں جانتا لیکن آر ایس ایس نے کیا کیا ہے یہ جانتا ہو ں ۔ ان لوگو ں نے اس ملک کی کوئی خدمت نہیں کی اور نہ ہی وہ ملک کا بھلا چاہتے ہیں ۔ یہ لوگ رام کے نام کا غلط استعمال کررہے ہیں ۔