کولکاتا:چیف منسٹر ممتا بنرجی نے آج بیر بھوم ضلع کے رام پور ہاڈ کے بوگتوئی گاؤں جہاں ترنمول کانگریس کے پنچایت لیڈر کے قتل کے بعد دس افراد کو جلاکر ہلاک کردیا گیا ہے ،کا دورہ کیا اور متاثر ین سے ملاقات کرنے کے بعد کہا کہ اس واقعے میں ملوث کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا۔ممتا بنرجی نے ترنمول کانگریس کے بلاک لیڈر انیر الاسلام جو اس معاملے کے کلیدی ملزم ہیں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔دو دن قبل بیر بھوم کے رام پور ہاٹ کے بوگتوئی گائوں میں ترنمول کانگریس پنچایت ڈپٹی چیف کے قتل کے بعد گھروں میں آگ لگادی گئی اور اس میں دس افراد ہلاک ہوگئے ۔اپوزیشن جماعتیں اس معاملے کو لے کر وزیراعلیٰ ممتا بنرجی اور ترنمول کانگریس پر سوال اٹھارہے تھے ۔کلکتہ ہائی کورٹ میں دو دو مفاد عامہ کی عرضیاں دائر کی گئی ہیں ۔کلکتہ ہائی کورٹ نے اس معاملے میں تفصیلی رپور ٹ طلب کی ہے ۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ٹوئیٹ کرکے اس پورے معاملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ملزمین کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی ہے ۔