رام کے نام پر دن میں چندہ، رات میں شراب نوشی

,

   

مندر کیلئے بہت پہلے کروڑہا روپئے اکٹھا کئے جاچکے ۔ اب حاصل شدہ رقومات پر بی جے پی قائدین کا کنٹرول

سابق مرکزی وزیر
کانتی لال بھوریا کا دعویٰ

جھبوا ؍ بھوپال : سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر کانتی لال بھوریا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر شدید لفظی حملہ چھیڑتے ہوئے متنازعہ بیان دیا ہے جو ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے جاری فنڈس اکٹھا کرنے کی مہم سے متعلق ہے۔ بھوریا نے کہاکہ جو لوگ بی جے پی میں ہیں، وہ رات میں اُسی رقم سے شراب پیتے ہیں جو اُنھوں نے دن میں رام مندر کے نام پر اکٹھا کی تھی۔ بی جے پی نے کانگریس لیڈر کے اِس بیان کو شرمناک قرار دیا۔ بھوریا نے کہاکہ رام مندر کے نام پر عطیات کی وصولی کی پہلی مہم میں ہی کروڑہا روپئے اکٹھا کرلئے گئے اور اِس خطیر رقم پر بی جے پی قائدین کا کنٹرول ہے۔ اِس رقم کو رام مندر ٹرسٹ میں جمع کرادینا چاہئے۔ اب بی جے پی دوبارہ گھر گھر پہونچ کر رقم جمع کررہی ہے۔ وہ موجودہ مرحلہ میں دن میں چندہ وصول کرتے ہیں اور رات میں کہیں لبِ سڑک بیٹھ کر شراب پیتے پائے جاتے ہیں۔ بھوریا کے بیان کو مدھیہ پردیش کے ریاستی وزیر وشواس سارنگ نے گھٹیا قرار دیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس نے ہمیشہ ہی لارڈ رام کی بیحرمتی کرنے کی کوشش کی ہے۔ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے جاری مہم صرف بی جے پی کی طرف سے نہیں بلکہ ملک کروڑوں لوگوں کی سرگرم شمولیت سے ممکن ہوئی ہے۔
آر ایس ایس خانگیانے سے ناراض
نئی دہلی : آر ایس ایس سے ملحق تنظیمیں بھارتیہ مزدور سنگھ اور سودیشی جاگرن منچ جو معاشی شعبہ میں سرگرم ہیں، اُنھوں نے مودی حکومت کے پیش کردہ عام بجٹ پر محتاط ردعمل ظاہر کیا ہے۔ سنگھ کی تنظیموں نے مطالبہ کیاکہ حکومت کو خانگیانے سے متعلق فیصلوں پر احتساب کرنا چاہئے۔ اِن تنظیموں نے انفراسٹرکچر پر خطیر مصارف کی تعریف ضرور کی لیکن بیرونی راست سرمایہ (ایف ڈی آئی) میں اضافہ کرنے اور سرکاری کمپنیوں کو خانگیانے ہاتھوں کے حوالے کرنے سے متعلق تشویش ظاہر کی۔