نئی دہلی: صحافی رانا ایوب کو دہلی کی عدالت سے جھٹکا لگا ہے۔ عدالت نے دہلی پولیس کو ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ صحافی رانا ایوب پر 2016-2017 میں مبینہ طور پر کچھ توہین آمیز پوسٹس کرنے کا الزام ہے۔ جس میںمبینہ طور پر ہندو دیوتاؤں کی توہین ، بھارت مخالف جذبات پھیلانا اور مذہبی منافرت کو بھڑکاناشامل ہے۔ عدالت نے کہا کہ دائر درخواست میں قابلِ سماعت جرائم کے ہونے کا خلاصہ ہوا ہے اور سٹی پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے۔چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ہمانشو رمن سنگھ ایک وکیل کی جانب سے دائر درخواست پر سنوائی کر رہے تھے، جس میں عدالت سے رانا ایوب کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ رانا ایوب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر توہین آمیز پوسٹس کی ہیں۔