رانیل وکرما سنگھے سری لنکا کے نئے صدر منتخب

   

سابق وزیرا عظم کورائے دہی میں واضح اکثریت حاصل

کولمبو:سری لنکا کے قائم مقام صدر رانیل وکرما سنگھے نئے صدر منتخب ہو گئے۔وکرماسنگھے نے گوٹابایا راجا پکسے کی جگہ صدارت سنبھالی ہے جنہوں نے گزشتہ ہفتے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور بحران سے دوچار ملک سے باہر چلے گئے تھے۔سرکاری نتائج کے مطابق وکرماسنگھے کو 225 نشستوں کے ایوان میں 134 ووٹ ملے اور یوں انہوں نے سادہ اکثریت حاصل کر لی، ان کے مرکزی حریف دولس الہاپروما کو 82 ووٹ ملے جبکہ بائیں بازو کے امیدوار انورا دسانائیکے کو صرف تین ووٹ ملے۔ میڈیا کے مطابق سری لنکا کی پارلیمنٹ میں ارکان نے نئے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے۔صدارتی انتخاب کے موقع پر پارلیمنٹ کے اطراف سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی تھی اور ہزاروں سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔قائم مقام صدر وکرما سنگھے سمیت 3 امیدوار صدارت کی دوڑ میں شامل تھے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق رانیل وکرما سنگھے 2024ء تک صدارتی عہدہ سنبھالیں گے۔نومنتخب صدر رانیل وکرما سنگھے کا کہنا ہے کہ ملک بہت مشکل صورتِ حال سے دوچار ہے، ہمیں مستقبل میں بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ قائم مقام صدر رانیل وکرما سنگھے 6 مرتبہ سری لنکا کے وزیرِ اعظم رہ چکے ہیں۔انہوں نے گزشتہ دنوں صدر گوٹابایا راجہ پاکسے کے ملک سے فرار ہونے کے بعد قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالا تھا۔بدترین معاشی بحران کے نتیجے میں عوامی احتجاج اور مظاہروں کے باعث سابق صدر ملک چھوڑ کر فرار ہوئے تھے۔سری لنکا گزشتہ کئی مہینوں سے شدید اقتصادی اور سیاسی بحران کا شکار ہے۔ملک میں خوراک، ایند ھن اور ادویات سمیت دیگر ضروری اشیاء کی شدید قلت بھی ہے۔ رانیل کے صدر بننے کے بعد ایک بار پھر ملک میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔