نئی دہلی: راجیہ سبھا کے چیئرمین جگ دیپ دھن کھڑنے پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں عام آدمی پارٹی کے عبوری لیڈر کے طور پر راگھو چڈھا کو مقرر کرنے کی پارٹی کی درخواست کو مسترد کر دیا۔نائب صدر جگ دیپ دھن کھڑ نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کو خط لکھ کر درخواست مسترد کر دی ہے۔دھن کھڑنے خط میں کہاکہ یہ پہلو لیڈرز آف پارٹیز، گروپس اور چیف وہپس (سہولیات) ایکٹ 1998 کے تحت بنائے گئے قوانین کے تابع ہے جسے پارلیمنٹ میں تسلیم کیا گیا ہے۔درخواست قانونی عمل کے مطابق نہیں ہے، اس لیے اسے قبول نہیں کیا جا رہا ہے۔ اس صورتحال میں سنجے سنگھ اب ایوان بالا میں آپ کے رہنما رہیں گے۔اے اے پی سے وابستہ ذرائع نے بتایا کہ راگھو چڈھا کو راجیہ سبھا میں پارٹی کا لیڈر مقرر کرنے کی درخواست کو مسترد نہیں کیا گیا ہے۔ کچھ بہتری کیلئے کہا ہے، جو کیا جائے گا۔ حال ہی میں آپ کے قومی کنوینر کجریوال نے راگھو چڈھا کو لیڈر مقرر کرنے کی درخواست کی تھی۔اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ فلور لیڈر سنجے سنگھ عدالتی حراست میں تھے۔ یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب راگھو چڈھا نے حال ہی میں نائب صدر جگ دیپ دھن کھڑ سے راجیہ سبھا میں اپنی معطلی سے متعلق سپریم کورٹ سے ہدایات ملنے کے بعد معافی مانگی تھی، اس کے بعد ان کی معطلی بحال کر دی گئی۔