نئی دہلی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ایوان میں وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف ان کے ریمارکس سے متعلق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اراکین کے نوٹس پر لوک سبھا سکریٹریٹ میں تفصیلی جواب جمع کرایا ہے۔ ذرائع نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے 7 فروری کو صدر کے خطاب پر لوک سبھا میں شکریہ کی تحریک پر بحث کے دوران وزیر اعظم کے خلاف تبصرہ کیا تھا۔راہل کو لکھے گئے خط میں مورخہ 10 فروری کو، لوک سبھا سکریٹریٹ نے ان سے کہا کہ وہ بی جے پی کے ممبران پارلیمنٹ نشی کانت دوبے اور پرہلاد جوشی کے ذریعہ ان کے خلاف دیے گئے استحقاق کی خلاف ورزی کے نوٹس کا جواب 15 فروری تک لوک سبھا اسپیکر کے سامنے پیش کریں۔ بی جے پی ممبران پارلیمنٹ نے راہل گاندھی کی 7 فروری کی تقریر پر نوٹس جاری کیا تھا جس میں انہوں نے ہندنبرگ-اڈانی مسئلہ پر تبصرہ کیا تھا۔