نئی دہلی، 30 مئی (یواین آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی اور ایوان میں پارٹی کے ڈپٹی لیڈر گورو گوگوئی نے جمعہ کو یہاں نیوزی لینڈ کے نائب وزیر اعظم ونسٹن پیٹرس سے ملاقات کی اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔جمعہ کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں خود یہ جانکاری دیتے ہوئے گاندھی نے کہاکہ مجھے آج نئی دہلی میں نیوزی لینڈ کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرس سے مل کر فخر محسوس ہو رہا ہے ۔ ہم نے اپنے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے ، مشترکہ جمہوری اقدار اور بڑھتی ہوئی پیچیدہ دنیا میں عالمی تعاون کی اہمیت پر گرمجوشی اور دلچسپ بات چیت کی۔ غور طلب ہے کہ پیٹرس جمعرات سے ہندوستان کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ کل ہندوستان پہنچنے کے بعد انہوں نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کی اور پھر کئی مرکزی وزراء کے ساتھ دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔