راہول نے پٹنہ کے سنیما ہال میں فلم کا لطف اٹھایا

   

پٹنہ 15 مئی (یواین آئی) بہار کے دربھنگہ میں’شکشا نیائے سمواد‘ پروگرام میں طلبہ کے حقوق کے لیے لڑنے کا یقین دلانے کے بعد کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے جمعرات کو پارٹی کے سینئر لیڈروں، سماجی کارکنوں اور دانشوروں کے ساتھ پٹنہ کے ایک سنیما ہال میں ہندی فلم ’پھولے ‘ دیکھی۔دربھنگہ سے پٹنہ آنے کے بعد راہول گاندھی ہوائی اڈے سے سیدھے ایک مال میں فلم دیکھنے پہنچے ۔ وہاں ان کے لیے ہندی فلم پھولے کے خصوصی شو کا اہتمام کیا گیا تھا۔ یہ فلم سماجی مصلح جیوتی باپھولے پر مبنی ہے ، جنہوں نے آزادی سے قبل ملک میں ذات پات اورچھوچھات کے خلاف جدوجہد کی۔ انہوں نے اپنی زندگی کے دوران خواتین کے حقوق اور ان میں خواندگی بڑھانے کی بھی بھرپور وکالت کی۔کانگریس لیڈر راہول گاندھی کے ساتھ ریاست کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکنوں نے بھی فلم کا لطف اٹھایا۔ راہول گاندھی کی آمد کے بعد پٹنہ ضلع انتظامیہ نے شو کے ٹکٹ ہونے کے باوجود پارٹی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد کو سنیما ہال میں داخل نہیں ہونے دیا۔ اس سے ناراض پارٹی کارکنوں نے خوب ہنگامہ کیا۔